بنگلورو،3؍جولائی(ایس او نیوز) ریاست بھر میں کووِڈ ویکسین کے اسٹاک میں شدید قلت کے باعث ویکسین حاصل کر نے کے خواہشمند افراد کو شدید نا کامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اطلاع کے مطابق اَن لاک کے فوری بعد کووِڈ ویکسین مراکز میں عوام کی بھیڑ اور ویکسین مراکز میں ویکسین کی فراہمی میں تاخیر سے عوام کو ویکسین کے لئے انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔
بتا یا جا تا ہے کہ ویکسین کی قلت کی وجہ سے ویکسین سنٹرز میں ویکسین کی عدم فراہمی سے عوام کو گھنٹوں تک قطاروں میں انتظارکرتے ہو ئے ویکسین نہ ملنے پر مایوس لوٹنا پڑ رہا ہے۔
محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق29جون تک صرف5لاکھ ڈوز ویکسین کا اسٹاک آیا ہے، روزانہ2تا3لاکھ افراد کو ویکسین دینا ہے،لیکن ویکسین کی قلت سے محکمہ کے افسران پریشان ہیں۔
افسروں نے بتا یا کہ ریاست کے لئے اگلے ہفتہ9لاکھ14ہزار920کووی شیلڈ ویکسین اور86,390کو ویکسین کا اسٹاک آنے کی توقع ہے اگر وقت پر ویکسین نہیں آیا تو مسائل پیدا ہوں گے۔ اسی طرح شہر بنگلور میں بھی ویکسین کی قلت کے پیش نظر عوام کو شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بتا یا جا تا ہے کہ گزشتہ ہفتہ سے شہر میں ویکسین حاصل کر نے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور ہر ایک ویکسین سنٹر کے باہر قطار یں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔بتا یا جا تا ہے کہ چند مراکز کے باہر نو اسٹاک بورڈ آویزاں کئے جانے پر عوام،پو لیس اور طبی عملہ کے درمیان لفظی جھڑپ کے واقعات پیش آئے ہیں۔
شہرکے کے سی جنرل اسپتال،جئے نگر اسپتال،سی وی رامن نگر سرکاری اسپتال،بورنگ اسپتال،کیمپے گوڈا اسپتال سمیت دیگر اسپتالوں کے سامنے بھاری تعداد میں عوام کی بھیڑ دکھائی دے رہی ہے۔
بتا یا جا تا ہے کہ بی بی ایم پی حدود میں منگل کو65ہزار604افراد کو ویکسین دیا گیا اور ابتک53لاکھ13ہزار253افراد کو ویکسین دیا گیا ہے۔ ان میں سے64لاکھ85ہزار37افراد کو پہلا ڈوز اور8لاکھ 28ہزار196افراد کو دوسرا ڈوز دیا گیا ہے۔
اطلاع کے مطابق ریاستی حکومت جولائی سے پی یو سی اور پوسٹ گریجو یٹ ڈگری کالج شروع کر نے پر غور کررہی ہے جس کے پیش نظر 18سال سے زیادہ عمر والے طلبہ کی اکثریت ویکسین لینے میں دلچسپی لے رہی ہے۔